میسورو،21؍دسمبر (ایس او نیوز) یہاں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی میڈیا اینڈ کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے کو چیرمین وی آر سدرشن نے بتایا کہ 9جنوری 2022ء کو میکے داٹو پراجیکٹ پر عمل کرنے کا مطالبہ کو لے کر کانگریس پارٹی کی جانب سے پدیاترا نکالی جائے گی۔24دسمبر کو کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار کورگ ضلع کے تلاکاویری میں کاویری پوجا کرکے پدیاترا کے تعلق سے تمام تفصیلات پیش کریں گے۔ یہ پدیاترا صرف کانگریس پارٹی کی حد تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اس پدیاترا میں شامل ہونے والے قومی ترنگا اور کنڑا کا جھنڈا ہاتھوں میں لئے ہوں گے۔ پدیاترا کے دوران کسی بھی سیاسی پارٹی کو اپناجھنڈالے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پد یاترا میں تمام پارٹیوں کے کارکنوں کو حصہ لینے کی اجازت رہے گی۔ پدیاترا کی تیاریوں کی ذمہ داری رکن پارلیمان و کے پی سی سی کے صدر ڈی کے شیوکمار کے بھائی ڈی کے سریش کو سونپی گئی ہے۔ اس ریلی میں ریاست کی مختلف انجمنیں، کسان اور رضاکار کثیر تعداد میں شامل ہوں گے۔سدرشن نے بتایا کہ یم ای ایس کی جانب سے بیلگاوی میں مچائی گئی گڑ بڑ کو وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور کارروائی کرنی چاہئے،مگر افسوس وزیر داخلہ آرگا گنانیندرا اس معاملے پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔